وزیراعظم کا افغانستان میں کارروائی کیلئے امریکا کو اڈے دینے سے صاف انکار

IQNA

وزیراعظم کا افغانستان میں کارروائی کیلئے امریکا کو اڈے دینے سے صاف انکار

9:34 - June 20, 2021
خبر کا کوڈ: 3509609
وزیراعظم عمران خان نے امریکا کو افغانستان میں کارروائی کے لیے اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا کہ افغانستان میں ایکشن کے لیے کسی کو بھی پاکستانی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

عمران خان کا اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ممکن ہی نہیں کہ ہم امریکا کو افغانستان میں ایکشن کے لیے پاکستان میں اڈے دیں۔

خیال رہےکہ گذشتہ دنوں پاکستانی اور غیرملکی میڈیا میں پاکستان کی جانب سے امریکا کو زمینی و فضائی راستہ فراہم کرنے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کی دفترخارجہ نے بھی تردید کی تھی۔

اس سے قبل سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں امریکی اڈوں کی خبر کو واضح الفاظ میں بے بنیاد کہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئےکوئی امریکی اڈا پاکستان میں نہیں بنے گا۔

اس حوالے سے ایک بیان میں افغان طالبان کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا ہمارے ملک میں کارروائیاں انجام دینے کے لیے ہمارے پڑوس میں موجود رہنا چاہتا ہے۔

افغان طالبان کا کہنا ہےکہ خطے میں اجنبی فوجیں بے امنی اور جنگ کا اصل سبب ہیں، پڑوسی ممالک سے مطالبہ ہےکہ کسی کو موقع فراہم کرنے کی اجازت نہ دیں۔

256661

نظرات بینندگان
captcha