افغانستان میں جامع حکومت تشکیل نہ دی گئی تو خانہ جنگی ہوگی: وزیراعظم

IQNA

افغانستان میں جامع حکومت تشکیل نہ دی گئی تو خانہ جنگی ہوگی: وزیراعظم

19:02 - September 21, 2021
خبر کا کوڈ: 3510275
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ افغانستان میں جامع حکومت تشکیل نہ دی گئی تو وہاں خانہ جنگی ہوگی۔

جیو نیوز کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں جامع قیادت اور انسانی حقوق کے احترام پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو دہشتگردوں کی جائے پناہ کے طور پر استعمال نہیں ہونا چاہیے جو پاکستان کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ طالبان کو مزید وقت دینا چاہیے، ان سے متعلق کچھ کہنا بہت جلدی ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں خواتین کو حقوق دیے جانے کی بھی توقع ظاہر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان طالبان حکومت کو باضابطہ تسلیم کرنے سے متعلق پڑوسی ممالک کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا، تمام پڑوسی ممالک بیٹھیں گے، دیکھتے ہیں اس حوالے سے کیا پیشرفت ہے، پھر انہیں تسلیم کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا جو ایک مجموعی فیصلہ ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے طالبان پر زور دیا کہ وہ ایک جامع حکومت تشکیل دیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو افغانستان کے خانہ جنگی کی طرف جانے کا خدشہ ہوسکتا ہے، اگر طالبان تمام گروپوں کو شامل نہیں کرتے تو جلد یا بدیر وہاں خانہ جنگی ہوگی جس کا مطلب عدم استحکام اور شورش ہوگا جب کہ افغانستان دہشتگردوں کے لیے ایک آئیڈیل مقام ہے جو ایک خطرناک چیز ہے۔

نظرات بینندگان
captcha